کراچی میں علی الصبح بڑا پاور بریک ڈاؤن

کراچی میں علی الصبح بڑا پاور بریک ڈاؤن
کیپشن: بجلی جانے سے صبح اسکول جانے والے بچے اور ان کے والدین پریشان رہے۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی میں علی الصبح بجلی کا ایک اور بڑا بریک ڈاؤن ہوا جس کے نتیجے میں شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔صبح 6 بجے ہونے والے بریک ڈاؤن کے نتیجے میں گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، صدر، جہانگیر روڈ، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، ملیر، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، بہادر آباد، کلفٹن، ڈیفنس، گارڈن، بفرزون، ناظم آباد اور گلشن حدید سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

بجلی جانے سے صبح اسکول جانے والے بچے اور ان کے والدین پریشان رہے جبکہ دفاتر جانے والے افراد کو بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ٹرپنگ کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا اور نیشنل گرڈ سے 500 میگا واٹ بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ سے بجلی کی معطلی کی وجہ سے کے الیکٹرک کے 2 گرڈ اسٹیشن بند ہوئے جبکہ این ٹی ڈی سی سے پیشگی الرٹ ملنے کے باوجود کے الیکٹرک متبادل انتظام نہ کر سکی۔واضح رہے کہ متبادل انتظامات نہ کرنے پر نیپرا پہلے بھی کے الیکٹرک پر جرمانہ عائد کر چکا ہے۔