غداری کارروائی ،خادم رضوی اور مولانا فضل الرحمان کیخلاف درخواست مسترد

غداری کارروائی ،خادم رضوی اور مولانا فضل الرحمان کیخلاف درخواست مسترد
فائل فوٹو

لاہور:تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین اور جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف غداری کی کارروائی کیلئے درخواست کو لاہور ہائیکورٹ نے ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے مذہبی تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر کے خلاف غداری کی کارروائی کیلئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی اور واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لے لیا اس صورت میں درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

جسٹس عاطر محمود نے مقامی شہری شبیر اللہ کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو باور کرایا کہ احتجاج اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف حکومت کارروائی کر رہی ہے. جسٹس عاطر محمود نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس طرح کی درخواستیں دائر کرنے سے عدالتوں پر کیسز کا بوجھ بڑھتا ہے لیکن اس کے باوجود اس طر ح کی درخواستیں دائر کی جاتی ہیں۔

ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے نشاندہی کی کہ غداری کی کارروائی کرنا وفاقی حکومت کا اختیار ہے عدالت کا نہیں، درخواست گزار کے مطابق خادم حسین رضوی اور مولانا فضل الرحمان نے ملکی اداروں کیخلاف بیان دیئے ہیں اس لیے ان کیخلاف غداری کے الزام میں کارروائی کی جائے۔