پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر اے این پی نے دو رہنماؤں کی رکنیت معطل کر دی

 پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر اے این پی نے دو رہنماؤں کی رکنیت معطل کر دی
فوٹو فائل

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی نے سینئر رہنماؤں بشریٰ گوہر اور افرا سیاب خٹک کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے۔


اے این پی کے جاری اعلامیے کے مطابق پارٹی کے صدر اسفندریار ولی خان نے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے ، کارکنوں میں انتشار پھیلانے اور پارٹی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں مرکزی نائب صدر بشری ٰ گوہر اور سینئر رہنما افرا سیاب خٹک کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے۔

یاد رہے کہ اے این پی نے دونوں رہنماؤں کو سات روز قبل شو کاز نوٹسز جاری کیے تھے جن میں ان سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی اور اسے نقصان پہنچانے کی کوشش پر جواب طلب کیا گیا تھا۔

اے این پی کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما شوکاز نوٹسز کے جواب میں وہ پارٹی کو مطمئن نہ کر سکے۔