ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان

ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان
کیپشن: ادرک اور لہسن 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا جس کے باعث اب سبزی بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہو گئی۔اسلام آباد کی مارکیٹوں میں بھی سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں جہاں ٹماٹر فی کلو 270 سے 300 روپے، آلو فی کلو 120 سے 150 روپے اور پیاز فی کلو 100 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی شہری سبزیوں کی ہوشربا قیمتوں سے پریشان ہیں جہاں ٹماٹر 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں جبکہ پیاز 80 روپے فی کلو اور آلو 50 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔

روز مرّہ کھانے میں استعمال کی جانے والی سبزی ادرک اور لہسن کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہے جہاں ادرک اور لہسن 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

کوئٹہ میں بھی ٹماٹر 160 سے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے جب کہ پیاز 80 ، آلو 40 سے 50 روپے فی کلو، لہسن اور ادرک 400 روپے فی کلو، مٹر 200 روپے، شملہ مرچ 160 روپے اور بھنڈی 120 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔

سبزی کی بڑھتی قیمتوں کو حوالے سے عوام کا کہنا ہے کہ  مارکیٹ اور بازار میں سبزیوں کے ریٹس مختلف ہیں، عوام نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا ہے سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔