حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 نومبر تک توسیع

حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 نومبر تک توسیع
کیپشن: نیب نے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کے کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کر دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: نیب نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر ضمنی ریفرنس دائر کر دیا۔ عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 نومبر تک توسیع کر دی۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر نے کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر حمزہ شہباز کو پیش کیا۔ دوران سماعت کمرہ عدالت میں شور ہونے پر عدالت نے حمزہ شہباز پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ یہاں پریس کانفرنس کرنے نہیں آئے۔ آپ کورٹ کا ڈیکورم خراب کر رہے ہیں اور آپ سیدھا کٹہرے میں آیا کریں۔ حمزہ شہباز نے جواب دیا کہ میں عدالت کا احترام کرتا ہوں لیکن آپکا رویہ مناسب نہیں ہے۔

نیب پراسکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے بتایا کہ حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کے کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے جو کہ 325 صفحات پر مشتمل ہے۔ دوران سماعت شہباز شریف کے وکلا نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ریفرنس میں انکی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

پنجاب اسمبلی مین اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے اور جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف آنے والے راستوں کو کنٹیرز اور خاردار تاریں لگا بند کیا گیا۔