ہو سکتا ہے یہ آپ کے ساتھ آخری رابطہ ہو، علی گیلانی کا وزیراعظم کو خط

 ہو سکتا ہے یہ آپ کے ساتھ آخری رابطہ ہو، علی گیلانی کا وزیراعظم کو خط
کیپشن: بھارت کی جانب سے غیرقانونی فیصلوں کے بعد یہاں کی عوام مسلسل کرفیو جھیل رہی ہے، علی گیلانی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے۔ سید علی گیلانی کے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ آپ کے ساتھ میرا آخری رابطہ ہو۔ علالت اور زائد عمری شاید دوبارہ آپ کو خط لکھنے کی اجازت نہ دے۔

سید علی گیلانی نے اپنے خط میں کہا ہےکہ موجودہ صورتحال میں آپ سے رابطہ قومی اور ذاتی ذمہ داری ہے اور بھارت کی جانب سے متنازع علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنے پر آپ کی اقوام متحدہ میں تقریر قابل تعریف ہے۔ کشمیری اپنی جدوجہد سے دست بردار نہیں ہوئے، بھارت کی جانب سے غیرقانونی فیصلوں کے بعد یہاں کی عوام مسلسل کرفیو جھیل رہی ہے۔ عوام کو نوٹسز بھیجے جارہے ہیں کہ ان کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا جائے گا۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کشمیری خواتین کو ہراساں کرنے کا عمل جاری ہے اور بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے غیر قانونی اقدامات کر کے اپنی طرف سے پاکستان سے ہوئے معاہدوں کو ختم کیا ہے۔ بھارت کشمیر کی سیاسی حیثیت ختم کرکے ہماری زمین زبردستی چھیننا چاہتا ہے اور پاکستان کی طرف سے کچھ مضبوط اور اہم فیصلوں کی ضرورت ہے۔

سید علی گیلانی کا خط میں کہنا تھاکہ کشمیریوں کی جدوجہد اور پاکستان کی بقا کے لیے یہ اہم موڑ ہے اور پاکستان کو کل جماعتی پارلیمانی میٹنگ طلب کرنی چاہیے۔ حکومتی سطح پر کچھ کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو ختم کرنے کا اعلان کرے۔ پاکستان دوطرفہ معاہدوں شملہ، تاشقند اور لاہور معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کرے، ایل او سی پرمعاہدے کے تحت باڑ لگانے کے معاہدے کو بھی ازسرنو دیکھنے کی ضرورت ہے اور حکومت پاکستان ان سارے فیصلوں کو لے کر اقوام متحدہ بھی جائے۔