یونس خان پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

Younis Khan appointed batting coach of Pakistan cricket team
کیپشن: فائل فوٹو :یونس خان

لاہور:پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ کے ٹیم سپورٹ سٹاف کا اعلان کردیا، یونس خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ  جبکہ ارشد خان کو ٹیم کا بائولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔


پاکستان کرکٹ بورڈ  کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق سابق کپتان یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا جبکہ یونس خان کی تقرری کم از کم آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ 2022 تک کے لئے کی گئی ہے۔

ورلڈ کپ اکتوبر/نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ہے جبکہ ایونٹ کا فائنل 13نومبر کو کھیلا جائے گا۔


دوررہ نیوزی لینڈ کے لئے اعلان کردہ سپورٹ سٹاف میں منصور رانا مینجر،مصباح الحق ہیڈ کوچ،شاہد اسلم اسسٹنٹ کوچ،وقار یونس بائولنگ کوچ،یونس خان بیٹنگ کوچ،عبدالمجید فیلڈنگ کوچ،کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ،ابراہیم بادیس ٹیم اینڈ سوشل میڈیا مینجر،ملنگ علی مساجر،ڈاکٹر سہیل سلیم ٹیم ڈاکٹر،طلحہ اعجاز بٹ ٹیم اینالسٹ،کرنل (ر)عثمان انوری سکیورٹی مینجر اور یاسر ملک سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ  کے طور پر ٹیم کے ساتھ ہونگے۔


پاکستان شاہینز کے لئے اعلان کردہ سپورٹ سٹاف میں اعجاز احمد منیجراورہیڈ کوچ،محتشم راشد اسسٹنٹ منیجراورفیلڈنگ کوچ،راؤافتخاربائولنگ کوچ ،حافظ نعیم فزیو تھراپسٹ،صبور احمد ٹرینر،عثمان ہاشمی ٹیم اینالسٹ اور محمد عمران علی ٹیم مساجر ہیں۔

یاد رہے کہ یونس خان نے اس سے قبل دورہ انگلینڈ  میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سےذمہ داریاں ادا کیں تھی جبکہ سابق کپتان اب دورہ نیوزی لینڈ میں بھی یہی کردار ادا کریں گے،پاکستان کرکٹ ٹیم 23نومبر کو نیوزی لینڈ کے لئے روانہ ہوگی۔


جب قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروفیت نہیں ہوگی تو یونس خان حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔اس سلسلہ میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر ایک مکمل پروگرام تشکیل دے گا۔


یونس خان نے 118ٹیسٹ میچز میں 10009جبکہ 265ایک روزہ میچوں میں 7249اور 25 ٹی 20میچوں میں 442رنز سکور کئے ۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34ٹیسٹ سنچریاں بنائیں۔ان کا بہترین سکور 2009 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313رنز تھا۔
یونس خان ٹی 20ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی تھے جبکہ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

یونس خان


 نئی ذمہ داری ملنے پر یونس خان نے  کہا کہ وہ ایک طویل مدت کے لئے پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہیں،دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام سے وہ بہت لطف اندوز ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ اب نیوزی لینڈ کے اہم دورے رپ انہی لوگوں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے منتظر ہیں ،اور خوش ہیں کہ ان کے کام کے دائرہ کار کو وسیع کردیا گیا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک سطح پر کام کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ بلے بازوں کی صلاحیتوں میں  نکھار لایا جاسکے۔


مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ ایک منظم اور جامع عمل سے گزرنے کے بعد ہی کامیابی حاصل کی جاتی ہے تاہم چند مقامات پر بہتری کے آثار بہت جلد نظر آنا شروع ہوجاتے ہیں،لہٰذا ہمیں مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے بہت محنت اور تحمل کی ضرورت ہے۔


دریں اثنا پی سی بی نے سابق ٹیسٹ سپنر ارشد خان کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بائولنگ کوچ مقرر کردیا  ہے۔ارشد خان نے 9ٹیسٹ اور 58ایک روزہ میچوں میں بالترتیب 32اور 56وکٹیں حاصل کیں۔وہ پی ایس ایل 2020 کے باقی ماندہ چار میچوں کے بعد اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔


پی سی بی اس سے قبل ڈیوڈ ہیمپ کو بھی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرچکا ہے۔ڈیوڈ ہیمپ برمودا اور گلیمورگن کرکٹ ٹیموں کے سابق کپتان رہ چکے ہیں۔

ارشد خان 


ارشد خان نے نئی ذمہ داری ملنے پر کہا کہ ڈیوڈ ہیمپ کے ہمراہ خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنا ایک شاندار تجربہ ہوگا۔اس دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی رینکنگ میں بہتری لانا ہمارا مقصد ہوگا۔


انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیشنل ویمنز ٹی 20چیمپئن شپ کے دوران خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں ،اس دوران وہ ڈیوڈ ہیمپ کے ساتھ مل کر ایسی حکمت عملی بنائیں گے کہ جس سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم حاصل کرے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان


پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہاکہ انہیں خوشی ہے یونس خان اب کم از کم آئندہ دو برس تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سےہمارے ساتھ کام کریں گے،اگر چہ وہ انگلینڈ میں مختصر وقت کے لئے ٹیم کے ساتھ رہے ،تاہم اس دوران ہمیں ان کے بارے میں جو فیڈ بیک ملاوہ شاندار تھا۔
وسیم خان نے کہا کہ ان کے کام کرنے کے اصول،عزائم اور کھیل کے بارے میں علم کسی سے کم نہیں،پر امید ہوں کہ ان کی تقرری سے باصلاحیت بلے بازوں کو بہت فائدہ ہوگا۔


چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ پی سی بی اپنی اس حکمت عملی پر کاربند ہے کہ جس کے تحت نامور کرکٹرز اور کوالیفائیڈ کوچز کی ملک کے بڑے سنٹرز پر تقرری ہوگی،لہٰذا ہم اس وقت بھی یونس خان کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے کہ جب قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ان کی کوئی مصروفیت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح محمد یوسف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں تعینات ہیں،جس کا مطلب یہ ہے کہ پی سی بی کے پاس اب دو بہترین بیٹسمینوں کی خدمات موجود ہیں،جو ہمارے بیٹسمینوں کے مستقبل کے لئے بہت مفید ثابت ہوگا۔