پیرس ہلٹن نے معروف کاروباری شخص سے شادی کرلی

پیرس ہلٹن نے معروف کاروباری شخص سے شادی کرلی

واشنگٹن: معروف امریکی گلوکارہ نے گھر بسا لیا۔ پیرس ہلٹن نے کاروباری شخصیت کارٹرریوم سے قریبی رشتہ داروں اور عزیز واقارب کی موجودگی میں شادی کی ۔

تفصیلات کے مطابق چالیس سالہ امریکی گلوکارہ واداکارہ پیرس ہلٹن نے کارٹر ریوم کو جیون ساتھی چنا ہے دونوں کی آٹھ ماہ قبل منگنی ہوئی تھی ۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس ہلٹن اور کارٹر ریوم نے رواں برس فروری میں اداکارہ کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر منگنی کی تھی۔  شادی کی مختلف تقریبات کے دوران پیرس ہلٹن نے معروف فیشن ہاوٌسز کے لباس پہنے اور انہوں نے شادی کی دعوت کو عام نہیں کیا تھا۔

اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ ’پیج سکس‘ نے بھی بتایا کہ پیرس ہلٹن اور کارٹر ریوم نے 11 نومبر کو شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں نے لاس اینجلس کے نواحی علاقے میں پرتعیش مقام پر دوستوں، کاروباری شخصیات اور رشتے داروں کی موجودگی میں شادی کی۔

علاوہ ازیں پیرس ہلٹن نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ہیش ٹیگز کا استعمال کرکے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے 11 نومبر کو شادی کرلی۔

ان کے شوہر کارٹر ریوم نے انسٹاگرام پر شادی سے متعلق کوئی پوسٹ نہیں کی، البتہ ان کی شادی کے انتظامات کرنے والی شخصیات نے ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں شادی کی مبارک باد پیش کی۔

پیرس ہلٹن کی پوسٹ پر متعدد معروف شوبز، سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

کارٹر ریوم سے شادی سے قبل پیرس ہلٹن ماضی میں دو بار منگنی کر چکی ہیں تاہم ان کی دونوں منگنیاں ایک سال بعد شادی سے قبل ہی ٹوٹ گئی تھیں۔ 

19 برس کی عمر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ماڈلنگ ایجنسی سے ماڈلنگ کا آغاز کرنے والی پیرس ہلٹن اپنے رومانوی تعلقات اور بولڈ زندگی کی وجہ سے خبروں میں بھی رہتی رہی ہیں ۔پیرس ہلٹن ماضی میں متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ ان کے پاس کسی کے ساتھ رومانوی زندگی گزارنے کا وقت نہیں اور وہ شادی کے بغیر ہی بچوں کی خواہش مند ہیں۔

پیرس ہلٹن کو 17 سال قبل 2003 میں اس وقت شہرت حاصل ہوئی جب ان کی چند فحش ویڈیوز لیک ہوئیں اور بعد ازاں 2007 میں ان کی متعدد ذاتی ویڈیوز، تصاویر اور دستاویز بھی ایک ویب سائٹ پر جاری کردی گئی تھیں۔