پی ڈی ایم میں شمولیت سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن سے کوئی بات نہیں ہوئی: بلاول

Fazal-ur-Rehman, PDM, Bilawal Bhutto, PPP, PML-N

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شمولیت سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن سے کوئی بات نہیں ہوئی ، اپوزیشن نے متحد ہو کر حکومت کے منفی حربوں کو ناکام بنایا ہے ۔ پارلیمان میں اتحاد کی وجہ سے اپوزیشن کا بل پاس ہوا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے میرا آج کا نہیں بلکہ بزرگوں سے تعلق ہے ۔ مولانا اسعد اور میں مل کر پارلیمان میں کام کرتے ہیں ۔ ہمارا مولانا فضل الرحمٰن سے ساتھ ہے اور رہے گا ۔ مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن کے ساتھ اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔ تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی قوت کا مظاہرہ دکھا کر حکومت کو ناکام بنایا ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ پارلیمان کی فتح ہوئی ہے ۔ اپوزیشن کا ایک بل اسمبلی سے پاس ہوا ، حکومت نے اپنا ہی بلایا ہوا جوائنٹ سیشن رات کے اندھیروں میں کینسل کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں وہ متحد اور موجود تھیں ، نیب آرڈیننس کی سازش اور ای وی ایم کی سازش کو ناکام کرایا ہے ۔ حکومت کی ہر سازش کو آگے جا کر بھی ایسے ہی ناکام بنائیں گے ۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بلاول بھٹو ہمارے پاس کئی بار آتے رہے ہیں ، پوری قوم کو آج بہت سی دشواریوں کا سامنا ہے ۔ اپوزیشن پارلیمنٹ میں عوام کیلئے بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے ۔ دھاندلی سے آئی حکومت کو انتخابی اصلاحات کرنے کا کوئی حق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی عددی اکثریت سے اگر نااہل حکومت قانون سازی کرے گی تو اسے مسترد کریں گے ۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ملک میں عام انتخابات کرانے کا ہے ۔ ہم جعلی اکثریت کو تسلیم نہیں کرتے ، قوم کو اس کا حق واپس ملنا چاہئے ۔