وفاقی حکومت نے ملک بھر کے 20 غریب ترین اضلاع کی ترقی کیلئے 5 سالہ منصوبہ تیار کرلیا

وفاقی حکومت نے ملک بھر کے 20 غریب ترین اضلاع کی ترقی کیلئے 5 سالہ منصوبہ تیار کرلیا

اسلام آباد :سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے  ملک بھر کے 20 غریب ترین اضلاع کیلئے 5 سالہ منصوبہ منظوری کے لیے ایکنک کو ارسال کردیا ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال  کی  زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی  کا  اجلاس ہوا ،اجلاس سے خطاب میں  احسن اقبال کا کہنا تھا کہ منصوبے کے پہلے فیز  پر  40 ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا  ہے،منصوبہ  وفاق اور صوبوں کے درمیان 50 50 فیصد  لاگت کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔

 احسن اقبال کا کہنا تھا  یہ منصوبہ  ملکی اقتصادی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جہاں وفاقی حکومت غریب ترین اضلاع کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اپنے گزشتہ دور حکومت میں مسلم لیگ ن  نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی مدد سے کثیر جہتی غربت انڈیکس سروے مکمل کیا، پہلی بار ملک بھر میں ضلعی سطح پر غربت کا نقشہ بنایا جو ملٹی پارٹی انڈیکس اسکور کی بنیاد پر شناخت کیے گئے، منتخب کردہ  20 اضلاع میں بلوچستان کے 11، سندھ کے 5، خیبرپختونخوا سے 3 اور پنجاب سے 1 ضلع شامل ہے۔  بہت سے اضلاع حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں،  سب سے زیادہ نقصان  بلوچستان اور سندھ میں ہوا ہے   ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا اس منصوبے کا مقصد غریب ترین اضلاع میں بنیادی ڈھانچے اور انسانی سرمائے کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔  سرمایہ کاری کے ذریعے جامع ترقی اور مساوی ترقی کو فروغ دیا جائیگا،  انسانی سرمائے کی ترقی میں سرمایہ کاری،  نوجوان اور خواتین، اس منصوبے کے بنیادی ستونوں میں شامل ہیں۔ منصوبے کے ذریعے  پاکستان وژن 2025 اور پائیدار ترقی کے عالمی ایجنڈے 2030 کو  ہم آہنگ کرنا ہے، اس منصوبے کا مقصد علاقائی عدم مساوات کو کم کرکے  ملک میں قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ یہ منصوبہ یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے جو وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ماہ شروع کیا۔ 
 

احسن اقبال کا کہنا تھا اس پروگرام کے تحت ینگ انجینئرز کے لیے 2,000 انٹر ن شپ، 250 منی اسپورٹس کمپلیکس انیشیٹو، پاکستان انوویشن فنڈ اور 75 نیشنل ٹاپ ٹیلنٹ اسکالرشپس دی جائیں گی ۔

مصنف کے بارے میں