اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جاری

اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جاری

اسلام آباد: احتساب عدالت میں اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت شروع ہو گئی  ہےجب کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے استغاثہ کے دو گواہان شاہد عزیز اور طارق جاوید کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کیا تھا۔

 شاہد عزیز قومی سرمایہ کاری ٹرسٹ اسلام آباد کے ملازم ہیں جب کہ طارق جاوید لاہور کے نجی بینک میں افسر ہیں۔ احتساب عدالت کے اطراف پولیس اور ایف سی کے 200 اہلکار تعینات ہیں اور عدالت جانے والے غیر ضروری راستوں کو بند کرتے ہوئے صرف ایک دروازے سے سائلین کو اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار آج احتساب عدالت کے روبرو چوتھی مرتبہ پیش ہوئے اس سے قبل وہ 25 ستمبر، 27 ستمبر اور 4 اکتوبر کو اثاثہ جات ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے پیش ہوئے تھے۔

اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس پر پہلی سماعت 14 اور دوسری 20 ستمبر کو ہوئی اور ان دونوں سماعتوں پر وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں