نواز شریف کل احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوں گے، ذرائع

نواز شریف کل احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوں گے، ذرائع

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے کی جانے والی تمام افواہیں دم توڑ گئیں اور اب مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج رات لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کل احتساب عدالت کے روبرو بھی پیش ہوں گے جہاں ان پر نیب کے تین ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

یاد رہے گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر پر فرد جرم کے لئے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔

واضح رہے سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔

العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے دو مرتبہ 26 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں