حنیف عباسی نے عمران خان نااہلی کیس میں جواب جمع کروا دیا

حنیف عباسی نے عمران خان نااہلی کیس میں جواب جمع کروا دیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی جس میں درخواست گزار مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے جواب جمع کرایا۔ حنیف عباسی کے جواب میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے غیر مصدقہ دستاویزات جمع کرائی گئیں اور دستاویزات کیس کے آخری مراحل میں جمع کرائی گئی ہیں۔ ہر روز نئی دستاویزات جمع کرانے سے کیس طوالت اختیار کرے گا لہٰذا عمران خان کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کو زیر غور نہ لایا جائے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ جیسے مشرف نے لیکچر سے اربوں کی پراپرٹی بنائی ویسے کیا عمران خان نے کمنٹری سے اربوں کی پراپرٹی بنائی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ جس شخص نے 2002 میں اپنی کار بیچ کر اور جوا کھیل کر قرض اتارا وہ اپنے 2013 کے اثاثوں اور آج کے اثاثوں میں پونے 2 ارب کا اضافہ بتاتا ہے یہ پیسہ کہاں سے آیا عمران خان عدالت کو بتائیں کہ وہ ارب پتی کیسے بن گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ یا فوج ہر پاکستانی کا ادارہ ہے ہم کسی کو اداروں کی ٹھیکیداری نہیں کرنے دیں گے۔ عدالتوں کی خاطر ہم جیل میں گئے ہیں آپ ڈکٹیٹر کے ساتھ کھڑے تھے اور قوم ان سب چیزوں کو سمجھے ان سے چھٹکارے کے لیے نوافل ادا کرنے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا جس دن عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم کے خلاف فیصلہ آئے گا ملک سکون میں آ جائے گا۔ بہت جلد عمران خان کی کمزوریوں کو سامنے لائیں گے ہو سکتا ہے کہ ایک ایسی پٹیشن بھی دائر کی جائے جس میں عمران خان کے خون ٹیسٹ کا کہا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں