امریکا میں سمندری طوفان مائیکل نے 7 افراد کی جان لے لی

امریکا میں سمندری طوفان مائیکل نے 7 افراد کی جان لے لی
کیپشن: سمندری طوفان مائیکل فلوریڈا میں تباہی مچانے کے بعد شمالی کیرولائنا پہنچ چکا ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کیرولائنا: امریکا میں شدید سمندری طوفان مائیکل سے شمالی کیرولائنا میں بھی ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کے بعد طوفان کے نتیجے میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ طوفان سے فلوریڈا کے ساحلی علاقوں میں بدترین تباہی ہوئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان مائیکل فلوریڈا میں تباہی مچانے کے بعد شمالی کیرولائنا پہنچ چکا ہے تاہم اُس کی شدت پہلے کی نسبت کم ہو گئی ہے۔

کیرولائنا کے علاقے اسٹیٹس ول statesville میں درخت ایک گاڑی پر گرنے سے 38 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔

اِس سے پہلے جب طوفان فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تو اُس کی شدت انتہائی درجے کے طوفان سے صرف ایک درجہ کم تھی۔

پین ہینڈل کا علاقہ طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں کئی علاقے صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔

ان علاقوں میں سڑکیں طوفانی ہواؤں کے باعث اکھڑنے والے درختوں، کھمبوں اور مکانات کے ملبے سے اٹی ہوئی ہیں جبکہ کئی نشیبی ساحلی علاقوں میں اب تک پانی کھڑا ہے۔

حکام کے مطابق فلوریڈا ، الاباما اور جارجیا کے طوفان سے متاثرہ علاقوں میں چار لاکھ سے زائد گھر بدستور بجلی سے محروم ہیں۔