خوشحال خان خٹک ٹرین حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور گارڈ قرار

خوشحال خان خٹک ٹرین حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور گارڈ قرار
کیپشن: کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان ٹرین 16 ستمبر کو حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: خوشحال خان خٹک ٹرین حادثے کی تحقیقات مکمل کر لی گئی جس کی روشنی میں ٹرین کے ڈرائیور اور گارڈ کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اوور اسپیڈ کے باعث ٹرین حادثے کا شکار ہوئی جس کے ذمہ دار ٹرین ڈرائیور اور گارڈ ہیں۔

سینئر جنرل منیجر ریلوے آفتاب اکبر کے مطابق حادثے کے بعد معطل کیے گئے افسران ٹرین حادثے کے ذمہ دار نہیں بلکہ ڈرائیور اور گارڈ ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے دو سینئر افسروں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے معطل کر دیا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ڈپٹی مکینکل انجنیئر کیرج اینڈ ویگن اور اسسٹنٹ مکینیکل انجیئر پشاور کو ملازمت پر بحال کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان ٹرین 16 ستمبر کو حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 20 مسافر زخمی بھی ہوئے۔

خوشحال خان خٹک ٹرین دوسری مرتبہ 27 ستمبر کو بھی حادثے کا شکار ہوئی اور اس کی 10 بوگیاں پٹری سے اتریں۔