نواز شریف نے مریم کے ساتھ ملکر 41 کروڑ کی منی لانڈرنگ کی، نیب رپورٹ

نواز شریف نے مریم کے ساتھ ملکر 41 کروڑ کی منی لانڈرنگ کی، نیب رپورٹ
کیپشن: منتقل کئے جانے والے شیئرز نواز شریف کو 2014 میں واپس کر دئیے گئے تھے، نیب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لاہور: چوہدری شوگر ملز کیس کے حوالے سے نیب کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کی شراکت داری سے 41 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی۔

نیب رپورٹ کے مطابق ملزمان نے جعلی ایک کروڑ 10 لاکھ کے شیئرز غیر ملکی شخص نصیر عبداللہ کو منتقل کرنے کا دعویٰ کیا جب کہ منتقل کئے جانے والے شیئرز نواز شریف کو 2014 میں واپس کر دئیے گئے تھے۔

نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوہدری شوگر ملز اور شمیم شوگر ملز میں 1992 سے لے کر 2016 تک 2 ہزار ملین کی سرمایہ کاری کی گئی۔ نواز شریف نے 1992 میں شوگر ملز کے لئے ایک آف شور کمپنی سے 1 کروڑ 55 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا قرض ظاہر کیا لیکن اس کمپنی کے اصل مالک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شریف فیملی کا کہنا ہے کہ نیب کی رپورٹ بے بنیاد ہے جسے عدالت میں غلط ثابت کریں گے۔

خیال رہے کہ میاں نوازشریف ان دنوں کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ احتساب عدالت نے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی ہے جب کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس بھی نیب کی حراست میں ہیں۔