مولانا کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں وہ اللہ کو معلوم ہے، شیخ رشید

مولانا کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں وہ اللہ کو معلوم ہے، شیخ رشید
فضل الرحمان اور شہباز شریف کی کوئی چیز فائنل نہیں ہوئی ہے، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پانچ سال کے بجائے تین سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کر دیں گے۔ ہم نے فریٹ ٹرین کو 80 کے بجائے 40 گھنٹوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ اُمید ہے کہ پانچ سال کے بجائے تین سال میں ہی ریلوے کا خسارہ ختم کر دیں گے۔


شیخ رشید نے کہا کہ جو افسر اور مزدور وقت پر نہیں آئے گا اس کی غیر حاضری مارک ہو گی۔ ایم ایل ون منصوبے کا خواب پورا ہونے والا ہے کیونکہ چین کے دورے میں آرمی چیف نے بھی ریلوے پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں وہ اللہ کو معلوم ہے لیکن مولانا فضل الرحمان پھنسنے جا رہے ہیں۔ ان کے آگے کنواں اور پیچھے کھائی ہے جبکہ ابھی فضل الرحمان اور شہباز شریف کی کوئی چیز فائنل نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں وہ 26 اکتوبر کو بتاؤں گا۔

عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا اور وہ کل پرسوں ایران جا رہے ہیں اور سعودی عرب بھی جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن جنگ ہوئی تو یہ آخری جنگ ہو گی۔

پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جب کرفیو اٹھے گا تو لوگ جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلیں گے اور ہمارے پاس گنوانے کے لیے کچھ نہیں کیونکہ جو گنوانا ہے وہ بھارت گنوائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاست، جنگ اورمحبت میں وقت سب سے اہم ہوتا ہے، انتخاب کی بات کرنے والوں کی چیخیں سنائی دیں گی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں فوج پولنگ بوتھ کے اندر اور باہر نہ ہو، اگر فوج پولنگ بوتھ پرنہ ہو تو لوگ پولنگ کے ڈبے اٹھا کرلے جائیں۔