کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر گرفتار

کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر گرفتار
کیپشن: گرفتار دہشت گرد کا تعلق ٹی ٹی پی بنوں اختر گروپ سے ہے، سی ٹی ڈی حکام۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ گارڈن نے مختلف کارروائیوں میں دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ایک کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد منہاج الدین عرف منہاجہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق ٹی ٹی پی بنوں اختر گروپ سے ہے جبکہ جو بم بنانے اور پلانٹ کرنے کا ماہر ہے۔سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم بیرون ملک فرار ہونے کے لیے کراچی آیا تھا۔ حکام کے مطابق ملزم نے 2020ء میں امن جرگے کے ممبر فاروق کو قتل کیا تھا اور اس کارروائی کے لیے بم بھی نصب کیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام نے دوسری کارروائی کے دوران متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن گروپ کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا ہے۔

حکام کے مطابق ٹارگٹ کلر لعل بادشاہ کو کورنگی میں کارروائی کرکے گرفتار کیا گیا ہے، جس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم نے 2010ء میں فائرنگ کرکے سیاسی جماعت کے کارکن کو قتل کیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں سال 19 اگست کو کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔