موٹروے زیادتی کیس، مرکزی ملزم عابد فیصل آباد سے گرفتار

موٹروے زیادتی کیس، مرکزی ملزم عابد فیصل آباد سے گرفتار

فیصل آباد: گجر پورہ موٹروے زیادتی کیس میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی۔ مرکزی ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم کو فیصل آباد سے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔ زیادتی کیس میں دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی سے ریمانڈ پر جیل میں ہے۔ 

06ee013fac61d5e34bda7ffbbe7df51d

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ عابد ملہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انشاء اللہ قانون کے مطابق سزا ملے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا ہے اور پولیس تمام معلومات میڈیا کے ساتھ شیئر کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کیس کو خود مانیٹر کر رہے تھے جبکہ آئی جی ، سی سی پی او لاہور اور پولیس اہلکار دن رات کام کر رہے تھے۔ اب جلد ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ 9 ستمبر کو پیش آیا تھا۔ متاثرہ خاتون اپنے رشتہ داروں سے ملنے گوجرانوالہ سے لاہور آئی تھی لیکن رات کو واپسی پر اس کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہوگیا۔ اس وقت اس کے بچے بھی اس کیساتھ موجود تھے۔ خاتون نے مدد کیلئے انتظامیہ کو فون کئے لیکن کوئی نہ آیا۔

اسی اثنا میں دو ملزمان نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا اور تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ اس کے بعد وہ سڑک کے گرد لگی جالی کو کاٹ کر قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

خاتون کو جب ملزمان سڑک پر تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے، سڑک سےگزرنے والے ایک مسافر نے واقعہ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا لیکن وہ ڈر کے مارے خاتون کی مدد کو نہ آ سکا تاہم اس نے ساری روداد پولیس کو ٹیلی فون پر سنائی اور فوری طور پر اس کی مدد کا کہا

فون کال چلتے ہی ڈولفن فورس کے جوان موقع پر پہنچے لیکن اس وقت تک دونوں ملزمان وہاں سے فرار ہو چکے تھے۔ پولیس اہلکاروں نے واقعہ کی حکام کو اطلاع دی اور طبی امداد طلب کی گئی۔ خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔