کورونا کیسز میں اضافہ، بازاروں، اسپتالوں اور دفاتر میں ماسک پہننا لازمی قرار

کورونا کیسز میں اضافہ، بازاروں، اسپتالوں اور دفاتر میں ماسک پہننا لازمی قرار
کیپشن: اجلاس میں وزیر اعظم نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کو اعتماد میں لیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: کورونا کیسز میں اضافے کے بعد حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں ملک بھر کے بازاروں، اسپتالوں اور دفاتر میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جب کہ وفاقی وزراء، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکام نے اجلاس میں مریضوں کے ڈیٹا اور دیگر مسائل پر بات کی اور کورونا کے حوالے سے مختلف اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بجائے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے.اجلاس میں وزیر اعظم نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کو اعتماد میں بھی لیا۔

ذرائع کے مطابق عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں عام مارکیٹوں، اسپتالوں اور دفاتر میں ماسک پہننا لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ہاتھوں کی صفائی اور سینی ٹائیزر کا استعمال بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔

اجلاس میں شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ احتیاط نہ کی تو سردی میں کورونا کیسز بڑھ جائیں گے جبکہ لوگ خود بھی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان کے اندر کورونا وائرس کے 385 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 119 ہزار 317 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ گھنٹوں میں 10 اموات رپورٹ ہوئی جس سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 580 تک جا پہنچی ہے۔ اس عالمی وبا سے پاکستان میں 3 لاکھ 4 ہزار 185 افراد صحتمند ہو چکے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 8 ہزار 552 رہ گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق صوبہ پنجاب ایک لاکھ 764، صوبہ سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 294، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 348، بلوچستان میں 15 ہزار 525، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 937 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 118 جبکہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 17 ہزار331 ہو گئی ہے۔ کورونا کی وجہ سے پنجاب میں 2 ہزار 258 اور سندھ میں 2 ہزار 555 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان میں 146، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 78 ہو گئی ہے۔