موسم سرما میں سموگ پھیلنے کا خطرہ، پنجاب حکومت نے دفعہ 144 نافذ کردی

Danger of smog in winter, Punjab government enforced section 144
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے موسم سرما میں سموگ کے خطرے کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والی صنعتوں اور گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں صوبے میں نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

یہ ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کے زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔ صوبے میں نافذ دفعہ 144 کے تحت فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے پر چھ اکتوبر سے ایک ماہ کیلئے پابندی عائد ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے اسے پیدا کرنے والے عوامل کو روکنا، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور آگاہی بڑھانا ازحد ضروری ہے۔ سموگ پر قابو پانے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

سٹیل ملوں اور فیکٹریوں میں غیر معیاری ایندھن کے استعمال کے خاتمے اور فصلوں کی باقیات اور کوڑے کرکٹ جلانے پر پابندی پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکمے سموگ کی روک تھام کیلئے جاری کی گئی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کریں، اس سلسلے میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

شہری سموگ کی روک تھام کیلئے حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے صرف زِگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے بھٹوں کو کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی اور حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنیوالے بھٹہ مالکان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔