میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 52واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 52واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

لاہور: 1965 کی جنگ میں بھارتی افواج کے سامنے آہنی دیوار بن جانے والے میجر عزیز بھٹی شہید کا 52واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ راجہ عزیز بھٹی شہید 16 اگست 1928 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔


قیام پاکستان سے قبل ان کا خاندان واپس آ کر گجرات میں رہائش پذیر ہوا۔ میجر عزیز بھٹی نے بطور سیکنڈ لیفٹننٹ پنجاب رجمنٹ میں کمشن حاصل کیا اور 1956 میں میجر بن گئے۔ ستمبر 1965 میں جب دشمن نے ارض وطن پر شب خون مارا تو میجر عزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا۔

قوم کا یہ بہادر سپوت دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گیا اور کمال مہارت اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔ 12 ستمبر 1965 کو جب دشمن پاک فوج پر بھاری گولہ باری کر رہا تھا میجر عزیز بھٹی شہید نے مورچے سے باہر نکل کر اپنے سپاہیوں کو ہدایات دیں اسی دوران توپ کا ایک گولہ میجر عزیز بھٹی کو لگا اور انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں شہادت کا رتبہ پایا۔

دشمن کو ناکوں چنے چبوانے اور ملکی دفاع کیلئے بے مثال قربانی اور شجاعت کے مظاہرے کے اعتراف میں حکومت نے راجہ عزیز بھٹی شہید کو پاکستان سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔ وہ یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے تیسرے سپوت تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں