’بلیو وہیل‘ گیم کی اصل حقیقت سامنے آگئی

’بلیو وہیل‘ گیم کی اصل حقیقت سامنے آگئی

لاہور: سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر گزشتہ چند ہفتوں سے خطرناک ویڈیو گیم ’بلیو وہیل‘ سے متعلق حیران کن خبریں شیئر ہو رہی ہیں، جن میں سے کئی خبریں ایسی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
بلیو وہیل کی وجہ سے دنیا بھر میں اموات کی خبروں کو جھٹلایا نہیں جا سکتا مگر یہ ضرور ہے کہ اس متعلق خبریں بڑھا چڑھا کر پیش کی جا رہی ہیں۔گیم سے متعلق سب سے سے پہلے روسی نشریاتی ادارے ’نووایا گزیتا‘ نے ایک کالم شائع کیا تھا، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک ویڈیو گیم کی وجہ سے روس بھر میں 130 کم عمر بچوں کی اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔اس گیم سے متعلق اسی ادارے نے مئی 2016 میں پہلی بار اعداد و شمار کے ساتھ فیچر شائع کیا۔
اگلے ہی چند روز میں روس کے معروف نشریاتی ادارے ’آر ٹی‘ ٹی وی چینل نے مئی 2016 میں اس گیم سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ نشر کی۔آر ٹی کی خبر میں ’بلیو وہیل چیلنج‘ گیم سے متعلق بتایا گیا کہ اس گیم کا حصہ بننے والے افراد کو مختلف ٹاسک دیے جاتے ہیں،جن میں خوفناک ویڈیوز دیکھنا، خوفناک کارنامے سر انجام دینا بھی شامل ہے۔اس گیم کے انٹرنیٹ پر لنک موجود نہیں ہوتے، اسے سیکریٹ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا جا رہا ہے۔