پی سی بی نے انضمام الحق کو پی ایس ایل پلیئرز کٹیگری کمیٹی سے باہر کر دیا

پی سی بی نے انضمام الحق کو پی ایس ایل پلیئرز کٹیگری کمیٹی سے باہر کر دیا
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ  نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو مفادات کے تصادم کا جواز بنا کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پلیئرز کٹیگری کمیٹی سے باہر کر دیا ہے۔

پی ایس ایل ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کی کیٹیگری کا تعین کیا جاتا ہے اور ماضی میں چیف سلیکٹر انضمام الحق یہ فریضہ انجام دیتے تھے تاہم اس بار بعض فرنچائزز نے اعتراض اٹھایا کہ چیف سلیکٹر چونکہ لاہور قلندرز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک رہے، اس سے مفادات کا ٹکراؤ ہوتا ہے لہٰذا ان کو اس عمل سے الگ رکھا جائے جبکہ پی سی بی نے اس اعتراض کو تسلیم کرتے ہوئے انضمام الحق کو کمیٹی سے باہر کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام نے قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب کرنے والے اپنے چیف سلیکٹر کی دیانتداری پر خود ہی شکوک و شبہات پیدا کر دئیے ہیں جس سے ان کی ساکھ پر سوال اٹھنے لگے ہیں جبکہ اس بار اختیار کردہ طریقہ کار کے تحت فرنچائزز مجوزہ کیٹیگریز لیگ منتظمین کے ساتھ شیئر کریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ طوفانی رفتار سے ترقی کی منازل طے کرنے والے عمران احمد خان نان کرکٹر ہونے کے باوجود اس کمیٹی میں شامل ہیں،ان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ بعض ٹیموں کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ پی ایس ایل میں مفادات کے ٹکراؤ والی بات کچھ نئی نہیں ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ مکی آرتھر اور باؤلنگ کوچ اظہر محمود ایک ہی فرنچائزکراچی کنگز سے وابستہ ہیں۔