سرفراز بگٹی بلوچستان سے سینیٹ کی جنرل نشست پر کامیاب

06:35 PM, 12 Sep, 2018

کوئٹہ: سینیٹ میں بلوچستان کی خالی جنرل نشست کے لیے ہونے والے انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی( بی اے پی) کے امیدوار میر سرفراز بگٹی 37 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے) کے امیدوار رحمت اللہ کاکڑ صرف 20 ارکان کی حمایت حاصل کر پائے۔

جنرل نشست کے لیے بلوچستان اسمبلی میں صبح دس سے شام چار بجے تک بلا تعطل پولنگ کا عمل جاری رہا جس میں 61 میں سے 57 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جب کہ چار ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔آج  ہونے والے انتخاب میں بی اے پی اور ایم ایم اے کے علاوہ دو آزاد امیدواروں نے بھی حصہ لیا۔ آزاد امیدواروں میں علا الدین مری اور میر غلام دستگیر بادینی شامل تھے۔

بلوچ نیشنل پارٹی(بی این پی) اور پشتونخوامیپ نے ایم ایم اے کے امیدوار کو ووٹ دیا جب کہ پاکستان تحریک انصاف نے میر سرفراز بگٹی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ آزاد امیدوار میرعامر رند نے الیکشن سے قبل دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

نتائج کا اعلان ریٹرننگ آفیسر صوبائی الیکشن کمشنر نیاز احمد بلوچ نے کیا۔بلوچستان سے سینیٹ کی ایک نشست میر نعمت اللہ زہری کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ انہوں نے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی سیٹ جیتنے کے بعد سینیٹ کی جنرل نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مزیدخبریں