سپریم کورٹ نے جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کیخلاف وفاقی حکومت کی اپیل مسترد کردی

سپریم کورٹ نے جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کیخلاف وفاقی حکومت کی اپیل مسترد کردی
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کیخلاف وفاقی حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے انہیں ملک بھر میں رفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔

بدھ کے دن سپریم کورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس سردار طارق مسعود نے کیس کی سماعت کی اور لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے حق میں فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کے حکم نامہ کو برقرار رکھا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے مسٹرجسٹس امین الدین خان نے حافظ محمد سعید کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی طرف سے جماعۃالدعوۃ اور ایف آئی ایف کیخلاف حکومتی رکاوٹوں سے متعلق دائر کیس پر سماعت کرتے ہوئے رواں برس 4اپریل کوحکم جاری کیا تھا کہ جماعۃالدعوۃ اور اس کے رفاہی ادارے کیخلاف کوئی ایسا اقدام نہ اٹھایا جائے جس سے ان کی رفاہی و فلاحی سرگرمیاں متاثر ہو نے کا اندیشہ ہو۔

اس واضح فیصلہ کے بعد سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی ہدایات پرمحکمہ داخلہ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کیخلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کیا تھا جس پر فاضل عدالت نے مذکورہ کیس کی سماعت کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے حکم نامہ کو برقرار رکھتے ہوئے جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو ملک میں رفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔

دریں اثناء امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے حق اور سچ کی فتح قرار دیا اور کارکنان و ذمہ داران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شکرانے کے نوافل ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا کام کرنے والی جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو سرخرو کیا ہے۔