کراچی کو الگ انتظامی یونٹ بنانے کی تیاریاں

کراچی کو الگ انتظامی یونٹ بنانے کی تیاریاں
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے بنائی گئی وفاقی کمیٹی نے تجویز تیار کی ہے کہ اس شہر کو مرکزی حکومت کے زیرانتظام الگ انتظامی یونٹ بنایا جائے۔وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم نے اس حوالے سے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 149 کے سب آرٹیکل 4 کے تحت وفاق کسی بھی شہری انتظامیہ کو ہدایات دے سکتی ہے۔

مذکورہ آرٹیکل کے تحت ناصرف کراچی بلکہ سندھ کے کسی بھی شہر یا گاؤں سے متعلق فیصلہ کیا جاسکتا ہے , ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کراچی میں آرٹیکل 149 اے نافذ کرنے کا معاملہ وزیر اعظم کے پاس لے کر جائے گی۔

وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم کے بیان پرمشیرقانون سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے رد عمل دیا کہ آئین کے آرٹیکل149 اے کے تحت وفاق صرف صوبائی حکومت ہدایات دے سکتا ہے , انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر یہ ماننے پر مجبور ہوگئے کہ آئینی طور پروزیراعظم  سندھ حکومت کوصرف ہدایات ہی دے سکتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئین کے تحت وفاق کا سندھ حکومت کے پاس آنا ان کی مجبوری ہے , خیال رہے کہ وزیر اعظم نے کراچی کے مسائل حل کرنے سے متعلق لائحہ عمل کے لیے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے جس میں وزیر بحری امور، وزیر منصوبہ بندی، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور دیگر اراکین شامل ہیں۔