افغانستان میں امریکی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا ناانصافی ہے، وزیراعظم

افغانستان میں امریکی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا ناانصافی ہے، وزیراعظم
کیپشن: امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام پاکستان پر لگانا غیر منصفانہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے روسی ٹی وی ’آر ٹی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور ہم نے 70 ہزار جانیں گنوائیں اور 100 ارب ڈالر کا نقصان بھی ہوا۔ پاکستان کو امریکا کی اس جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے تھا اور میں شروع سے اس جنگ کے خلاف تھا۔ ہم نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے۔

عمران خان نے کہا کہ اتنے نقصانات کے باوجود آخر میں امریکا کی ناکامی پر ہمیں ہی قصوروار ٹھہرایا گیا اور امریکا اپنی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے یہ پاکستان کے ساتھ ناانصافی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ کا فنڈ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے دیا تھا اور لوگوں کو تربیت بھی دی گئی۔ امریکا کا اتحادی بننے سے یہ گروپس ہمارے خلاف ہو گئے اور ایک عشرے بعد جب امریکا وہاں گيا تو کہا گيا کہ یہ جہاد نہیں یہ دہشتگردی ہے۔ یہ بہت بڑا تضاد تھا جسے میں نے محسوس کیا۔