شادی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دلہا گرفتار، مہمانوں پر بھی جرمانہ

شادی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دلہا گرفتار، مہمانوں پر بھی جرمانہ

ابوظہبی:کورونا کے دوران شادی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دلہا، اس کے والد اور دلہن کے والد کو گرفتار کرلیا گیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ متحدہ عرب امارات میں پیش آیا جہاں گھر میں شادی کی تقریب کی گئی اور اس دوران کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق نافذ کیے گئے ایس او پیز کو نظر انداز کیا گیا جس پر تین افراد کو ڈیزاسٹر پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔ حراست میں لیے گئے افراد میں دلہا، اس کا والد اور دلہن کا والد شامل ہیں، تینوں افراد کے خلاف قانون کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق تقریب کے میزبانوں پر 10 ہزار درہم کا جرمانہ کیا جاسکتا ہے جب کہ تقریب میں موجود مہمان 5 ہزار درہم تک کا بھاری جرمانہ ادا کریں گے۔

متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا تھا ملک میں گزشتہ چار ماہ کے دوران کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے لہذا شہری وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے ضابطہ اخلاق پر سنجیدگی سے عمل کریں۔