موٹرے اجتما عی زیادتی ' جوڈیشل انکوائری کمیشن کے قیام کیلئے لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائر

موٹرے اجتما عی زیادتی ' جوڈیشل انکوائری کمیشن کے قیام کیلئے لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائر

لاہور : موٹرے پر خاتون سے اجتما عی زیادتی کے معاملہ کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں پنجاب حکومت، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار ، آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی اور سی سی پی او لاہور ڈاکٹر عمر شیخ کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ سی سی پی او نے متاثرہ خاتون کو ہی واقعہ کا ذمہ دار ٹھرایاہے، پنجا ب پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ درخواست ندیم سرور ایڈووکٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں یہ نقطہ اٹھایا گیا ہے کہ موٹروے پر حملہ آوروں نے خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، خاتون کی جانب سے بار بار پولیس کو کال کرنے کے باوجود پولیس خاتون کی مدد کو نہ آئی اور اس سارے معاملہ پر سی سی پی او لاہور نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ریپ کیس میں سی سی پی او نے خاتون کو ہی ذمہ دارٹھہرادیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دے۔ جبکہ پولیس میں ریفارمز کے لئے بھی جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ہونے والے اجتما عی  زیادتی کے واقعات کے حوالہ سے بھی رپورٹ طلب کی جائے۔  درخواست پر  پیر کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔