‏موٹروے زیادتی کیس: شام ساڑھے 6 بجے اہم پریس کانفرنس ہو گی

‏موٹروے زیادتی کیس: شام ساڑھے 6 بجے اہم پریس کانفرنس ہو گی

لاہور:  گجرپورہ موٹر وے پر خاتون کے ساتھ  زیادتی کیس سے متعلق شام ساڑھے 6 بجے اہم پریس کا نفرنس ہو گی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر قانون راجہ بشارت،  فیاض الحسن چوہان، آئی جی پنجاب پریس کانفرنس کریں گے جس میں کیس کی اہم پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس میں ملزم سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔خیال رہے کہ  وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ موٹروے  پر خاتوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  وزیراعلیٰ عثمان بزدار، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سمیت پوری ٹیم کو مبارک ہو۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار رات 4 بجے تک اجلاس میں تھے۔ ملزم کی انشاللہ جلد گرفتاری بھی ہوگی۔ وزیراعلی ٰپنجاب نے پورے کیس کی خود نگرانی کی۔ کام بولتا ہے الفاظ نہیں، ویلڈن وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار۔

دوسری جانب ذرائع کے ہم نیوز کو بتایا کہ ملزم کا پروفائل ڈی این اے میچ کرگیا ہے۔ ملزم فورٹ عباس کا رہائشی ہے۔ کریمنل ڈیٹا بیس میں ملزم 2013 سے موجود ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔اس سے قبل انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب انعام غنی  نے کہا تھا کہ تاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے، تاہم پولیس دن رات ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔

گزشتہ روز موٹروے پر مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا شکار بننے والی خاتون کا اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنے والے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد نے متاثرہ خاتون کے اکاوَنٹ سے رقم کی ٹرانزیکشن کی کوشش کی۔ دونوں افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سیمپلز لے لیے گئے تھے۔

دوسری جانب موٹروے  پر زیادتی  کا  شکار خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی تھی۔ میڈیکل رپورٹ میں خاتون کے ساتھ زیادتی ثابت ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل کوٹ خواجہ سعید اسپتال سے کرایا گیا۔ 7 مشتبہ افراد کا ڈی این اے میچنگ کروا لیا گیا۔  پولیس نے کرول گاؤں کے سینتالیس مردوں کے ڈی این اے سیمپل بھی لے لیے ہیں۔ 

دوسری طرف پولیس نے جائے وقوعہ کے اطراف میں رہائشیوں  سمیت 70 سے زائد  جرائم یافتہ افراد کو شارٹ لسٹ بھی کر لیا گیا ہے۔