کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے پاکستان میں مزید 58 افراد جاں بحق  

A fourth wave of corona virus has killed 58 more people in Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے پاکستان میں مزید 58 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اموات میں اضافے کے بعد اس موذی مرض سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 720 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 153 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 57 ہزار 792 ٹیسٹ کئے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 5.45 فیصد رہی۔ ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 5 ہزار 420 ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد سندھ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ گزشتہ روز کورونا وائرس سے 82 اموات ہوئیں جن میں سے 33 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔

ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 47 فیصد، لاہور میں 55 فیصد، ملتان میں 70 فیصد اور سرگودھا میں 39 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے گوجرانولہ میں 72 فیصد، صوابی میں 72 فیصد، گجرات میں 63 فیصد اور سرگودھا میں 77 فیصد مریض ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوویڈ کے 63 ہزار 181 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 22 ہزار 337، پنجاب میں 21 ہزار 474، خیبر پختونخوا میں 12 ہزار 239، اسلام آباد میں 4 ہزار 31، بلوچستان میں 1 ہزار 445، گلگت بلتستان میں 688 جبکہ آزاد کشمیر میں 967 ٹیسٹ کئے گئے۔

این سی او سی کے مطابق بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کووڈ کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں مختص وینٹیلیٹرز پر 530 مریض ہیں۔