کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پر حملہ، پتھر مارنے والا نوجوان گرفتار  

Canada elections: Man charged with assault for throwing stones at Justin Trudeau
کیپشن: فائل فوٹو

ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیراعظم پر حملہ کرنے والے ملزم کو بالاخر پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار نوجوان نے گزشتہ دنوں پتھر سے جسٹن ٹروڈو کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ ٹروڈو کے سیاسی مخالفین نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

کینیڈین پولیس حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم جسٹس ٹروڈو پر اس وقت حملہ کرنے کی کوشش کی گئی جب وہ ایک الیکشن کمپین میں شرکت کیلئے جانے کی تیاری میں مصروف تھے۔

گرفتار ملزم کا نام شین مارشل بتایا جا رہا ہے جسے کینیڈا کے مشہور شہر ٹورنٹو کے جنوب مغربی شہر لندن سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ 

عدالت کو بتایا گیا کہ وزیراعظم جسٹس ٹروڈو انتخابی مہم میں شرکت کیلئے بس میں سوار ہو رہے تھے کہ ملزم نے ان پر پتھر سے حملہ کر دیا۔ ملزم شین مارشل کی عدالت میں اگلی پیشی 6 اکتوبر کو ہوگی۔

تاہم جسٹن ٹروڈو اس حملے میں محفوظ رہے تھے لیکن انہوں تصدیق کی تھی کہ ان پر پھینکے گئے پتھر کے چند ٹکڑے ان کے جسم پر لگے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنا ناقابل قبول عمل ہے۔

خیال رہے کہ کینیڈین وزیراعظم کو بیس ستمبر کو ہونیوالے الیکشن سے پہلے انتخابی مہم کے دوران لازمی کورونا ویکسین اور دیگر بحرانی اقدامات پر مشتعل مظاہرین کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جسٹن ٹروڈو جو تیسری بار وزیراعظم بننے کے لیے کوشاں ہیں، فی الحال ان کا اپنے اہم حریف کنزرویٹو لیڈر ایرن او ٹول کے ساتھ سخت مقابلہ ہے۔

گزشتہ جمعے ایک اور ملزم پر کیمبرج اونٹاریو میں ایک ریلی میں ٹروڈو کو دھمکی دینے کا الزام لگایا گیا تھا۔