بھارت عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 5 کیمپ چلا رہا ہے، پاکستان

 بھارت عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 5 کیمپ چلا رہا ہے، پاکستان
کیپشن: بھارت عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 5 کیمپ چلا رہا ہے، پاکستان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے 5 کیمپ چلا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 ہزار 226 اجتماعی قبریں دریافت کی گئی ہیں، یہ وہ قبریں ہیں جو بھارتی افواج نے بیگناہ کشمیریوں کو قتل کرکے بنائی ہیں، ان تمام افراد کو بے دردی سے مارا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی افواج نے 239 ٹارگٹ سیل قائم کر رکھے ہیں، 2014 کے بعد 30 ہزار افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، مقبوضہ کشمیر میں 231 افراد کو بجلی کا کرنٹ لگایا گیا، بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کیمیکل ہتھیار استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے 3 ہزار 800 سے زائد خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ برطانوی اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 8 سے 10 ہزار افراد لاپتہ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں 2014 سے پیلٹ گنز استعمال کی گئیں، پیلٹ گنز سے 15 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 2014 سے اب تک15 ہزار 495 محاصرے اور سرچ آپریشن کیے گئے، بھارت کی طرف سے 13 ہزار بچوں کو قید کیا گیا۔

عاصم افتخار نے بتایا کہ بھارت کے 6 ایسے ڈریکونین قوانین ہیں جو کسی بھی شخص کو دہشتگرد قرار دے سکتے ہیں جبکہ بھارت داعش کے 5 تربیتی کیمپ چلا رہا ہے، بھارت کی طرف سے داعش کے تربیتی کیمپ چلانا تشویش کا باعث ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ڈوزیئر پیش کر دیا ہے۔ کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کے ثبوت بھی اس ڈوزیئر کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

اسلام آباد  میں اس اہم موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری اور مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کی انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق ڈوزیئر جاری کیا ہے۔ یہ ڈوزیئر 131 صفحات پر مشتمل ہے، اس کے 3 ابواب ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کرنا ہے۔ ڈوزیئر میں دنیا کو آگاہ کیا گیا ہے کشمیری بھارت کے ظلم وجبر سے کس قدر نالاں ہیں۔ ڈوزیئر میں بتایا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کو بھارت کس طرح پامال کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبے بارے بتایا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں غیر ملکی اور آزاد میڈیا کو کوریج کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ پاکستانی پروپیگنڈا نہیں بلکہ بھارت سے ہی حاصل کردہ مواد ہے جس میں تمام چیزوں کا ذکر ہے۔ اس میں 15 آڈیو اور 10 کے قریب ویڈیو کلپس ہیں جو انٹرنیشنل میڈیا نے مرتب کئے ہیں۔ 3432 کیسز وار کرائمز ہیں جو بھارتی فوج میں شامل افسران اور فوجیوں نے کئے ہیں۔ ایک ہزار 128 ان لوگوں کی نشاندہی کی گئی جن لوگوں نے ان وار کرائمز کو کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان میں میجر جنرل، میجرز، ڈی آئی جیز، 131 کرنل اور کیپٹن ملوث ہیں۔ 118 یونٹ کا تذکرہ ہے جو انسانی حقوق کو پامال کرنے میں ملوث رہے۔ ڈوزیئر میں خواتین سے بے حرمتی کا ذکر کیا گیا ہے۔ ایک لاکھ بچوں بارے تفصیلات ہیں جو بھارتی فوج کے ظلم و جبر سے یتیم ہوئے۔ ہزاروں املاک جنہیں بھارتی فوج نے جلا کر ختم کر دیا اس کے بارے تفصیلات موجود ہیں کہ کس طرح معصوم لوگوں سے اسلحہ منسوب کرکے انہیں ظلم وستم کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈوزیئر میں پاکستان نے بھارت کے عزائم کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس میں بھارتی اور عالمی اداروں کے حوالہ جات کو شامل کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی مسلسل مواصلاتی روابط منقطع ہیں۔ ڈوزیئر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے جعلی مقابلوں کےناقابل تردید ثبوت موجود اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے حقائق شامل ہیں۔