فرانس کا طالبان کی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان

فرانس کا طالبان کی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان
کیپشن: فرانس کا طالبان کی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان
سورس: فائل فوٹو

پیرس: فرانسیسی وزیر خارجہ نے افغانستان نے ان کے شہریوں اور معاون افغان شہریوں کے انخلا میں رکاوٹ ڈالنے پر طالبان پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جھوٹ بولتے ہیں اور وعدے پورے نہیں کرتے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ طالبان نے غیرملکیوں اور افغانوں کو آزادی سے ملک چھوڑنے کی اجازت دینے کا وعدہ کیا تھا جس پر عمل نہیں کیا۔اسی طرح افغانستان کے تمام طبقوں پر مشتمل حکومت کے قیام کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ کا یہ بیان ہفتے کی شب دوحہ روانگی سے قبل سامنے آیا۔ وہ آج اتوار کے روز قطر میں افغانستان سے افراد کے انخلا کی آئندہ کارروائیوں کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے یہ بھی عندیہ دیا کہ طالبان پر دباؤ ڈالنے کے لیے عالمی اقتصادی پابندیاں بھی عائد کی جاسکتی ہیں۔

فرانسیسی وزیر خارجہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب وہ قطر کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ ممکنہ طور پر قطری حکومت اور طالبان کے سیاسی دفتر کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ فرانس نے افغانستان سے اپنے 3 ہزار افراد کو نکالنے کا عمل ملتوی کرکے اس گروپ میں مزید افراد کو شامل کرنے کے لیے طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے تھے جو تاحال بے نتیجہ ثابت ہوئے ہیں۔