غیر قانونی طور پر رہائش پذیر 130 پاکستانیوں کو سعودی عرب نے ملک بدر کر دیا

غیر قانونی طور پر رہائش پذیر 130 پاکستانیوں کو سعودی عرب نے ملک بدر کر دیا

ریاض:  ویزے کی میعاد ختم ہونے کے باوجود سعودی عرب   میں قیام پذیر پاکستانی مشکل میں پڑ گئے ۔ سعودی عرب نے سخت احکامات سناتے ہوئے انکو ملک سے بدر کر دیا ہے ۔ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر پاکستانیوں کی تعداد 130 تھی جن کو سعودی عرب نے ملک بدر کیا ہے۔
سعودی ایئرلائن کے ذریعے ملتان پہنچنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ سعودی بن لادن گروپ اور ریڈیکو رئیل اسٹیٹ ایک سال سے ان کی تنخواہیں اور بقایاجات دینے میں ناکام رہے ہیں اور سعودی عرب میں بغیر ورک پرمٹ کے دیگر مقامات پر کام تلاش کرنا تقریباً ناممکن تھا اس لیے ہمیں وہاں بہت مشکلات درپیش تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 سالہ ورک پرمٹ کی میعاد ختم ہوگئی تھی جسے دوبارہ رینیو نہیں کیا گیا جب کہ ہم نے کئی بار پاکستانی سفارت خانے سے بھی مدد کی درخواست کی لیکن افسوس وہاں سے بھی ہمیں کسی قسم کی مدد نہیں ملی۔
دوسری جانب دفترخارجہ نے کہا ہے کہ حکومتی امداد پروگرام کے تحت ان ورکرز کو ماہانہ 50 ہزار روپے دیئے جاتے رہے ہیں جب کہ بقایاجات کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے پاکستانی حکومت سعودی عرب کی متعلقہ وزارت سے رابطے میں ہے۔ ادھر شہریوں نے دفترخارجہ کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہلخانہ کو ماہانہ 10 ہزار روپے دینے کی تصدیق کی ہے۔