’جب بھی نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی، وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے‘

’جب بھی نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی، وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے‘
کیپشن: فوٹو بشکریہ مریم نواز فیس بک آفیشل

سیالکوٹ: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ جب بھی نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی، وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے۔

مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے لوگ نواز شریف سے محبت کرتے ہیں، پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ نواز شریف کو نااہل کیا گیا ہو اور سزا دی گئی ہو۔ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو تاحیات نااہل کر دیا ہے۔ ان کو پارٹی کی صدارت سے بھی نکالا گیا، سابق وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال سے مسلم لیگ ن کو توڑنے کی کوشش ہو رہی تھی، ہماری پارٹی کے کچھ ایم این ایز کو ادھر سے ادھر کر دیا گیا، عوام انتخابات میں سازشیں کرنے اور مہرے بننے والوں کو عبرت کا نشانہ بنائیں گے۔ ن لیگ 2018 کے انتخابات میں تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ حاصل کرے گی۔ جب الیکشن میں ووٹ کی بات آتی ہے تو عوام کے سیلاب کو نہیں روکا جاسکتا۔ یہ سمجھتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن کی طرح جوڑ توڑ کرکے 2018 کے انتخابات میں بھی کارکردگی دکھائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف گواہی دینے والے واجد ضیا نے نواز شریف کے حق میں گواہی دی، واجد ضیا نے عدالت میں کہا کہ سابق وزیر اعظم کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔ نواز شریف رائیونڈ سے کال دیں یا جیل سے، اس پر لبیک کہیں گے کیونکہ وہ 22 کروڑ عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پوچھیں سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیا؟ زرداری صاحب کہتے ہیں کہ عمران خان ان کے آگے بک چکے ہیں۔ عمران اور زرداری نے ہاتھ ملا لیا ہے اور وہ مہرے بن کر عوام کی لکیر کے اس پار کھڑے ہیں۔