ابوظہبی اور دبئی میں کھیلنے کو تیار ہیں لیکن شارجہ میں نہیں کھیلیں گے، بھارت

ابوظہبی اور دبئی میں کھیلنے کو تیار ہیں لیکن شارجہ میں نہیں کھیلیں گے، بھارت
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور : شارجہ کرکٹ سٹیڈیم کو کرکٹ کی تاریخ میں منفرد اہمیت حاصل ہے۔ اس سٹیڈیم کو ورلڈ ریکارڈ 228 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل ہے لیکن 2000ءمیں اس سٹیڈیم کے حوالے اپنے خدشات کا اظہار کرنے کے بعد سے بھارت نے شارجہ میں کوئی میچ نہیں کھیلا۔
ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں جب ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں متحدہ عرب امارات کو ایشیا کپ کی میزبانی دینے کا فیصلہ کیا گیا تو اماراتی بورڈ نے پیشکش کی کہ شارجہ،ابوظہبی اور دبئی ایشیا کپ کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں لیکن بھارت نے شارجہ میں ایک بار پھر کھیلنے سے انکار کردیا۔
اجلاس میں موجود بھارتی بورڈ کے حکام نے واضح کیا کہ وہ ابوظہبی اور دبئی میں کھیلنے کو تیار ہیں لیکن شارجہ میں نہیں کھیلیں گے، ماضی میں بھارتی بورڈ شارجہ میں ہونے والے میچوں کو میچ فکسنگ سے منسلک کرتا رہا ہے لیکن آج تک وہ شواہد پیش نہیں کر سکا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل نے بھارت کو2016ءمیں ایشیا کپ کی میزبانی دی تھی اس لیے بھارت کی اس شرط کو مان کر شارجہ سٹیڈیم کو ایشیا کپ کے میچز کی میزبانی نہ مل سکی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم شارجہ میں 1984 ءسے2000  تک72 ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیل چکی ہے جس میں پہلا ایشیا کپ بھی شامل ہے۔ ان میں سے بھارت نے35میچ جیتے اور37ہارے،پاکستان نے شارجہ میں 124ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے ہیں جن میں سے پاکستان نے 83جیتے ،40 میں اسے شکست ہوئی اور ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔