روسی وزیر خارجہ نے شام میں کیمیائی حملوں کا پول کھول دیا

روسی وزیر خارجہ نے شام میں کیمیائی حملوں کا پول کھول دیا
کیپشن: بشکریہ فیس بک

ماسکو: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروو نے کہا ہے کہ امریکہ نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر شام میں کیمیائی حملے کا ڈرامہ رچایا تاکہ روس پر حملہ کیا جائے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروو نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے شام میں غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے کیمیائی حملے کا ڈرامہ رچایا تاکہ روس پر عالمی سطح پر نہ صرف پابندیاں لگائیں جائیں بلکہ اس پر حملہ بھی کیا جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل شام کے علاقے دوما میں کیمیائی حملہ کیا گیا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے شام میں کیمیائی حملے کا الزام روس پر عائد کیا گیا اور امریکی صدر کی جانب سے ماسکو کو خبردار بھی کیا گیا کہ وہ جلد یا تاخیر سے حملے کے لیے تیار رہے۔

روس نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میزائل حملے کی بات کر کے جنگ کو دعوت دے رہا ہے اور جس جگہ سے شام پر حملہ ہو گا روس اسی جگہ کو نشانہ بنائے گا۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شام میں مغربی مداخلت سے یورپ میں مہاجرین کی نئی لہر کا خطرہ ہے، ان کے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ ایک ملک کی جانب سے ’روسو فوبک مہم‘ کے ذریعے کیمیائی حملے کا ڈرامہ رچایا گیا۔