طبی ماہرین نے رات کو جلدی سونے اور صبح جلدی اٹھنے کے فوائد بتا دیئے

طبی ماہرین نے رات کو جلدی سونے اور صبح جلدی اٹھنے کے فوائد بتا دیئے
کیپشن: فوٹو بشکریہ گیٹی

لندن: طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ چاہتے ہیں کہ ان کی عمر لمبی ہو اور انہیں بیماریاں بھی کم ہو تو وہ رات کو جلدی سو جائیں اور صبح جلدی اٹھیں۔

یہ تحقیق کرونوبیالوجی انٹرنیشنل نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ رات کو دیر تک جاگنے والوں میں نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے کے امکانات 90 فیصد زیادہ ہوتے ہیں، جبکہ ذیابیطس کا امکان 30 فیصد ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ان میں کئی اور قسم کے امراض کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

عمر، جنس، قومیت، تمباکو نوشی کی عادت، وزن اور معاشی حالت جیسے عناصر کو مدِنظر رکھتے ہوئے سائنس دانوں نے معلوم کیا کہ سخت سحر خیزوں میں قبل از وقت موت کے امکانات سب سے کم تھے، اور وہ جتنی دیر سے جاگتے تھے، ان کے مرنے کا خطرہ بھی اسی تناسب سے بڑھ جاتا تھا۔

امریکہ کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میں نیورولوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کرسٹن نوسٹن کہتے ہیں: 'اس کی وجوہ میں نفسیاتی دباؤ، جسم کے لحاظ سے غلط وقت پر کھانا کھانا، مناسب ورزش نہ کرنا، نیند پوری نہ کر پانا، رات اکیلے جاگتے رہنا، اور منشیات یا شراب کا استعمال شامل ہو سکتی ہیں۔'

انھوں نے کہا کہ 'رات کے اندھیرے میں تا دیر جاگتے رہنے سے متعدد قسم کے غیر صحت مندرانہ رویے جنم لیتے ہیں۔'

تحقیق کے ایک اور منصف میلکم وون شینٹز ہیں جن کا تعلق یونیورسٹی آف سرے سے ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ دیر خیزوں کو جو مسائل پیش آتے ہیں وہ 'عوامی صحت کا مسئلہ ہیں جنھیں مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔