وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے کا فیصلہ
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی سطح کے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق، قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کورونا وبا کی موجودہ اور متوقع صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ صوبائی وزرائے اعلیٰ نے لاک ڈاؤن سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔

 

اجلاس میں وفاق اور صوبوں نے لاک ڈاؤن سے متعلق یکساں پالیسی پر اتفاق کر لیا۔  کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کی مجموعی صورتحال کی روشنی میں اپنی سفارشات کمیٹی میں پیش کیں۔

 

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کا فیصلہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔

 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کے قرنطینہ سینٹرز میں سب سے زیادہ افراد کورونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں۔ متاثر ہونے والے زیادہ علاقوں میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی اور جہلم ہیں۔

 

انہوں نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے لاک ڈاؤن میں نرمی نہیں کی جائیگی۔ جی ٹی روڈ بیلٹ پر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

 

انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹ کئے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے تین سو کے قریب کنفرم مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

 

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ لاہور کے بعض علاقوں کو کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر مکمل سیل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سبزی منڈیوں میں افراد کے تشخیصی ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔