جہانگیر ترین گروپ کو منانے کا ٹاسک گورنر پنجاب کو مل گیا

جہانگیر ترین گروپ کو منانے کا ٹاسک گورنر پنجاب کو مل گیا
کیپشن: جہانگیر ترین گروپ کو منانے کا ٹاسک گورنر پنجاب کو مل گیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) میں جہانگیر ترین کے ہم خیال رہنماؤں کو منانے کا ٹاسک گورنر پنجاب چودھری سرور کو سونپ دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے ٹاسک ملنے کے بعد جہانگیر ترین کے ہم خیال رہنماؤں نذیر چوہان، عون چودھری اور ملک امین سے ملاقات کی ہے۔ پی ٹی آئی میں موجود جہانگیر ترین کے مخالف دھڑے نے ایکشن لینے کی تجویز وزیراعظم کو دی تھی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مخالف دھڑے کی جانب سے ملنے والی تجویز کو مسترد کردیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گورنرپنجاب چودھری سرور سے کہا گیا ہے کہ وہ جہانگیر ترین کے ہم خیال اراکین سے ملاقات کریں، ان کے تحفظات کو سنیں اور جائز تحفظات کو دور بھی کریں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خود جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ سے ملنے سے انکار کردیا ہے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے اراکین کو دوران ملاقات یقین دہانی کرائی ہے کہ زیادتی نہیں ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب  نے جہانگیر ترین گروپ کے ملاقات کرنے والے راکین کی جانب سے پیش کیے جانے والے تحفظات کوسنا اور ان پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے جہانگیر ترین اور علی ترین ایف آئی اے بینکنگ کورٹ لاہور میں پیش ہوئے تھے۔ بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں اور میرے خلاف 3مقدمات ہیں جبکہ پاکستان میں 80 شوگر ملز ہیں لیکن نشانے پر صرف میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں جبکہ میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ہیں۔ اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ ، یہ سب کون کر رہا ہے؟ ظلم بڑھتا جا رہا ہے اور میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔