سعید غنی سے وزارت تعلیم کا قلمدان واپس لئے جانے کا امکان

سعید غنی سے وزارت تعلیم کا قلمدان واپس لئے جانے کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سندھ حکومت کے سینئر وزیر سعید غنی وزارت تعلیم سمیت مختلف قلمدان رکھتے ہیں تاہم اب ان سے تعلیم کی وزارت واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت بطور وزیر تعلیم سعید غنی کی کارکردگی سے خوش نہیں ہے اس لئے جلد ہی ان سے یہ وزارت واپس لے لی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اپنے وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لے رہی ہے اور آئندہ چند روز میں سندھ کابینہ میں بڑی تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔ 
یہ پیش رفت آئی بی اے ٹیسٹ کلیئر کرنے والے گورنمنٹ سکولز کے ہیڈماسٹرز کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہر کئے گئے احتجاج کے بعد ہوئی جو مستقل ملازمتوں کا مطالبہ کر رہے تھے تاہم یہ معاملہ ابھی تک حل طلب ہے۔ 
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب وزارت تعلیم کیلئے مضبوط امیدوار ہیں جن کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا جبکہ صوبائی کابینہ میں بھی ردوبدل کا قوی امکان ہے جس دوران کچھ وزراءکو مزید ذمہ داریاں ملنے جبکہ کچھ وزراءسے ذمہ داریاں واپس لی جائیں گی۔