لاہور شہر میں مہنگائی کا جن قابو میں کیوں نہ آ سکا؟ ڈی سی لاہور نے بڑا اعتراف کر لیا

لاہور شہر میں مہنگائی کا جن قابو میں کیوں نہ آ سکا؟ ڈی سی لاہور نے بڑا اعتراف کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: رمضان المبارک کی آمد آمد ہے مگر شہر میں مہنگائی کے جن کو قابو کرنے اور گراں فروشوں کو نکیل ڈالنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد 100 تک بھی نہیں پہنچ سکی، ایک کروڑ آبادی کے شہر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد صرف 48 ہے اور ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ شہرمیں کم از کم 250 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ضرورت ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شہر میں مہنگائی مافیا کے راج کے باوجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی قلت برقرار ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد کو ناکافی قرار دیدیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثرریاض ملک کے مطابق شہرمیں کم از کم 250 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ضرورت ہے جس کے پیش نظر محکمہ داخلہ کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کی درخواست کررکھی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی یہ درخواست منظور کر لی جائے گی۔ 
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے، مخصوص حالات کے باعث یہ بھی ممکن ہے کہ چینی کسی بازار میں وقت پر ناپہنچ سکے تاہم لاہور کے رمضان بازاروں کے 18 ہزار میٹرک ٹن چینی کا سٹاک موجود ہے اور امید ہے کہ ماہ مبارک کے دوران چینی قلت کا مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ذیشان نصر اللہ رانجھا نے 7 دکانوں سمیت 1 فارمیسی اور ایک کیفے کو بھی سیل کروایا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار منصور قاضی نے 12 دکانوں و سٹوروں جبکہ 1 اوپن میرج فنکشن جاری ہونے پر ایف آئی آر کا اندراج بھی کروایا۔