رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، کل پہلا روزہ ہو گا

 رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، کل پہلا روزہ ہو گا
سورس: فائل فوٹو

پشاور: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں پہلا روزہ بدھ (14 اپریل ) کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 سال بعد خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس عید گاہ چارسدہ روڈ پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف کے دفتر میں منعقد ہوا۔ 

مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یسین ظفر، مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی فیصل احمد، سید علی کاکڑ نقوی، مفتی یوسف کشمیری، حافظ عبدالغفور، مفتی فضل جمیل رضوی، مفتی قاری میراللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، علامہ پیر سید شاہ جیلانی، مولانا اسد زکریا قاسمی، مفتی ضمیر احمد ساجد نے شرکت کی۔

رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں اسپارکو کے نمائندے غلام مرتضیٰ، نمائندہ محکمہ موسمیات ڈاکٹر عظمت حیات خان اور نمائندہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی زین العابدین بھی شریک تھے۔

ماہِ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوئے۔ شہریوں کی جانب سے رمضان المبارک کے چاند کی شہادتوں کی اطلاع مرکزی رویت ہلال کمیٹی، رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور دفتر ایڈمسنٹریٹر اوقاف کے لینڈ لائن نمبر پر دی گئی۔

رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے دیگر ممبران کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں چاند نظر آ گیا ہے اور کل پہلا روزہ ہو گا۔

چاند نظر آنے کا اعلان ہوتے ہوئی ملک بھر میں نماز تراویح اور سحری کی تیاریوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ یا تھا لہٰذا آج وہاں پہلا روزہ تھا جب کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے مسجد الحرام میں نماز تراویح کی اجازت بھی دی تھی۔