اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے: وزیراعظم کی ہدایت

اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے: وزیراعظم کی ہدایت
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت رمضان المبارک کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراءمحمد حماد اظہر، سید فخر امام، عمر ایوب خان، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر، چیف کمشنر اسلام آباد اور مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن شریک ہوئے جبکہ ویڈیو لنک سے صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔ 

منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے، چینی 68 روپے فی کلو اور گھی 170 روپے فی کلو پر ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب ہے۔ اس وقت یوٹیلیٹی سٹورز سے یومیہ 2600 ٹن آٹا، 2000 ٹن چینی اور 1200 ٹن گھی فروخت ہو رہا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں متعدد مقامات پر سستے بازار قائم کئے گئے ہیں جن میں اشیاءضروریہ کم قیمتوں پر دستیاب ہیں، اس کے علاوہ کورونا وبا ءکے پیش نظر موبائل وین کے ذریعے بھی اشیاءضروریہ دستیاب ہوں گی۔

چیف سیکرٹریز پنجاب اور خیبر پختونخوا نے آگاہ کیا کہ چینی اور آٹے کی وافر مقدار میں دستیابی اور مقرر شدہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ وزیر توانائی عمر ایوب خان نے بتایا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں کوئی غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے، رمضان بازاروں میں کورونا وباءسے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔