بھان متی کا کنبہ زیادہ دیر نہیں چلے گا، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے: شیخ رشید

بھان متی کا کنبہ زیادہ دیر نہیں چلے گا، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے: شیخ رشید

پشاور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اس امپورٹڈ حکومت کیساتھ نہیں بیٹھنا چاہتا تو میں بھی نہیں بیٹھنا چاہتا ، یہ لوگ عمران خان کو مروا بھی سکتے ہیں اور اس کی جان کو خطرہ ہے۔ فوج کے ساتھ اچھے تعلقات بنانے کیلئے غلط فہمیاں دور کرنی چاہئیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں عمران خان کی درخواست پر پشاور جلسے میں شرکت کیلئے آیا ہوں۔ ہمارے ساتھ چار چار سال وزارتیں اجوائے کرنے والے ہمیں چھوڑ گئے، لوگ الیکشن دیکھ رہے ہیں لیکن انہوں نے پوری کوشش کرنی ہے کہ زیادہ سے زیادہ وقت گزر جائے، عارضی بھان متی کا کنبہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس امپورٹڈ حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھنا چاہتا تو میں بھی نہیں بیٹھنا چاہتا، میری اپنی پارٹی ہے لیکن میں عمران خان کے ساتھ ہوں اور اس کا فیصلہ مجھ پر لاگو ہے، میں استعفیٰ لکھ کر عمران خان کو دے چکا ہوں۔ انہوں نے اتوار کے روز میرے دفتر سے فائلیں اٹھائیں اور جس روز فرد جرم عائد ہونا تھی اس روز شہباز شریف نے حلف اٹھایا، نواز شریف نئی پلیٹس ڈلوا کر پاک صاف ہو کر آ رہے ہیں۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ 16 اپریل کو کراچی میں عوام کا سمندر ہو گاجبکہ لاہور جلسے میں شرکت نہیں کر سکوں گا کیونکہ تین روز کیلئے عمرے پر جا رہا ہوں۔ چوروں کو اوپر لانا انٹرنیشنل پلان ہے، یہ کرپشن کے دستانے پہنے ہوئے ہاتھ ہیں، یقینا یہ لوگ عمران خان کو مروا بھی سکتے ہیں ، عمران خان اسلام آباد کی کال دے گا لیکن اس سے پہلے عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، 
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بالکل فوج کے خلاف کوئی نعرہ نہیں لگنا چاہئے، جنہوں نے لندن میں بیٹھ کر اور گوجرانوالہ سے فوج کو گالیاں دیں، وہ اپنے مطلب کیلئے جوتے پالش کر سکتے ہیں اور شہباز شریف چیری بلاسم بن سکتا ہے تو ہمیں بھی اپنے تعلقات اچھے بنانے کیلئے غلط فہمیاں دور کرنی چاہئیں۔ 

مصنف کے بارے میں