ایک سیٹ سے کامیابی کا سفر شروع کرنےوالا آج پاکستان کا وزیراعظم بن گیا : سدھو

01:47 PM, 13 Aug, 2018

نئی دہلی : بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔

سابق بھارتی کرکٹر اور سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایک سیٹ سے کامیابی کا سفر شروع کرنے والا آج پاکستان کا وزیراعظم بن گیا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زبان سے نکلنے والے ہر لفظ پر بھروسہ ہے اور وہ جو بولتے ہیں کر گزرتے ہیں۔

تحریک انصاف نے سابق بھارتی کرکٹرز نوجوت سنگھ سدھو، کپیل دیو اور سنیل گواسکر کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی ہے۔نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت پر آمادگی ظاہر کردی ہے اور تقریب میں شریک ہونے جلد پاکستان آئیں گے۔سابق بلے باز کی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت پر آمادگی نے بھارتی میڈیا کو سیخ پا کردیا ہے۔

یاد رہے کہ سنیل گواسکر نے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کی ہے جب کہ بالی وڈ اداکار عامر خان پہلے ہی تقریب میں شرکت سے انکار کرچکے ہیں۔عمران خان ممکنہ طور پر 18 اگست کو پاکستان کے اگلے وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں