ابھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ نہیں ہوا، عمران خان

03:03 PM, 13 Aug, 2018

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت اور حلف اٹھانے کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پارلیمنٹ سے روانہ ہونے لگے تو انہیں میڈیا نمائندوں نے آ گھیرا اور اس موقع پر انہوں نے انتہائی مختصر گفتگو کی۔ صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ میں اس بار سب سے زیادہ جوش خروش سے 14 اگست مناؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ نہیں ہوا جس پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ پنجاب کا چناؤ مشکل فیصلہ ہے تو عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا اور مسکرا کر آگے نکل گئے۔

 

مزید پڑھیں: نو منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف نے 123 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور 29 آزاد اراکین پی ٹی آئی میں شامل ہوئے جس کے بعد ان کی تعداد 142 ہو گئی۔

 

خواتین کی مخصوص 33 اور اقلیت کی 4 نشستیں حاصل کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 179 ہو گئی ہے۔

پنجاب میں وزیراعلیٰ کے لیے مختلف نام سامنے آرہے ہیں جن میں راجہ یاسر اور حماد اظہر کے نام شامل ہیں تاہم اس حوالے سے تحریک انصاف اب تک کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں