ہمیشہ اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں: اعظم خان

ہمیشہ اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں: اعظم خان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

مظفر آباد: کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کی ٹیم اوور سیز واریئر کے کرکٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ آج کل میں آؤٹ آف فارم ہوں اور جہاں بھی موقع ملے، اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ 
اعظم خان حال ہی میں قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کیلئے قومی ٹی 20 سکواڈ کا حصہ تھے جس کے بعد وہ مظفر آباد میں کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) میں اوورسیز وارئیرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ 
اعظم خان کا کہنا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں لوگ چھکے اور چوکے دیکھنا چاہتے ہیں اور میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی موقع ملے ٹیم کیلئے اچھی کارکردگی دکھاؤں تاکہ اس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز وارئیر اب اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے اور ہماری توجہ ٹورنامنٹ جیتنے پر ہے جبکہ کپتان عماد وسیم کھلاڑیوں کو بھرپور اعتماد دے رہے ہیں، امید ہے کہ ہم کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے لیگ جیتنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کوئی بھی ہو، اچھی کارکردگی سے ہی آپ توجہ حاصل کر سکتے ہیں، کے پی ایل کھیلنا میرے لئے ایک خاص لمحہ ہے اور اس سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں، اس کے علاوہ مقامی ٹیلنٹ کو بھی لیگ کا فائدہ ہو گااور انہیں مزید مواقع ملیں گے۔